منگل, 22 اپریل , 2025

پاکستان کے معروف شیف ذاکر حسین 58 سال کی عمر میں انتقال کر گئے

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاکستان کے نامور اور مقبول شیف ذاکر حسین 58 برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کر گئے۔

پاکستان کے معروف شیف ذاکر حسین قریشی 58 سال کی عمر میں کراچی میں انتقال کر گئے۔ وہ گردوں کے مرض میں مبتلا تھے اور طویل عرصے سے ڈائلیسز پر تھے۔

latest urdu news

شیف ذاکر حسین نے پاکستانی کوکنگ انڈسٹری میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ انہوں نے ٹی وی چینل ’مسالہ‘ پر اپنے کوکنگ شوز کے ذریعے گھر گھر میں مقبولیت حاصل کی۔ ان کا اندازِ تدریس اس قدر مشفق اور دوستانہ تھا کہ ناظرین انہیں محض شیف نہیں بلکہ ایک کوکنگ استاد سمجھتے تھے۔

اپنے لائیو پروگرامز میں انہوں نے ہزاروں پاکستانی اور بین الاقوامی کھانوں کی ترکیبیں سکھائیں۔ وہ نہ صرف پکوان بناتے، بلکہ کوکنگ سے متعلق سوالات کے جوابات بھی دیتے اور ناظرین کے مسائل کا حل تلاش کرتے۔

شیف ذاکر حسین کے مداح نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت، بنگلہ دیش اور دیگر ممالک میں بھی موجود ہیں۔ ان کے انتقال کی خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی اور ہزاروں صارفین نے اپنے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

مرحوم کے بھتیجے شایان قریشی کے مطابق، شیف ذاکر کچھ عرصہ امریکا میں زیر علاج تھے، لیکن ڈاکٹرز کی طرف سے علاج ممکن نہ ہونے کے بعد وہ ایک ماہ قبل وطن واپس لوٹے تھے۔

شیف ذاکر کی نماز جنازہ کل بعد نمازِ عصر جامعہ رشیدیہ، ملیر سعودآباد میں ادا کی جائے گی۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter