کوئٹہ، بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) نے صوبے بھر میں عوامی رابطوں کے فروغ اور تنظیمی ڈھانچے کو فعال بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس حوالے سے پارٹی کی اہم بیٹھک ہوئی جس میں صدر خالد مگسی، سابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، سینیٹر عبدالقادر، جان جمالی، نصیب اللہ بازئی، جعفر مگسی، ثناء جمالی اور سینیٹر دینش کمار شریک ہوئے۔
اجلاس میں ملک اور بلوچستان کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
بی اے پی قائدین نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل کی جانب سے دھرنا ختم کرنے پر ان کے شکرگزار ہیں، بی اے پی کی سفارشات پر بی این پی کے ردعمل سے صوبے میں مثبت نتائج سامنے آئے۔
بی اے پی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اتحادی حکومت کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے اور عوامی خدمت کے لیے صوبے بھر میں نئے ترقیاتی منصوبے تجویز کیے جا رہے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ نچلی سطح پر عوامی رابطوں کو مؤثر بنانے کے لیے تنظیمی ڈھانچے کو فعال کیا جائے گا۔