اسلام آباد میں پاکستان اور روانڈا کے مابین دوطرفہ روابط کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق ہوا ہے، جبکہ مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے۔
روانڈا کے وزیر خارجہ اولیورجین پیٹرک ندوہنگرے کی قیادت میں وفد دفتر خارجہ پہنچا، جہاں نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ بعد ازاں دونوں وزرائے خارجہ نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان روانڈا کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ دونوں ممالک کئی بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں اور مستقبل میں بھی تعاون کا دائرہ مزید بڑھانے کے لیے پُرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک بڑی مارکیٹ ہے جہاں روانڈا کی مصنوعات کے لیے گنجائش موجود ہے، جبکہ پاکستان کی ٹیکسٹائل، چاول اور دیگر برآمدی مصنوعات روانڈا کے لیے مفید ثابت ہو سکتی ہیں۔ پاکستان روانڈا کی ترقی کرتی ہوئی معیشت میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
روانڈا کے وزیر خارجہ نے اپنے پہلے دورۂ پاکستان کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ ان کی نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار سے تفصیلی اور تعمیری ملاقات ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ اعلیٰ سطح پر رابطوں کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں، تاکہ دوطرفہ روابط مزید گہرے ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور روانڈا کے تعلقات باہمی احترام پر مبنی ہیں، اور ہم تجارتی روابط کو وسعت دینا چاہتے ہیں۔ دونوں ممالک عالمی امن مشنز میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔
بعد ازاں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی باضابطہ تقریب منعقد ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے شرکت کی۔
یہ دورہ روانڈا کے وزیر خارجہ کا پاکستان کا پہلا باضابطہ سرکاری دورہ ہے، جو اسلام آباد اور کیگالی میں سفارتی مشنز کے قیام کے بعد عمل میں آیا ہے، یہ دورہ دونوں دوست ممالک کے درمیان تعاون کے نئے امکانات پیدا کرے گا۔
روانڈا کے وزیر خارجہ 21 سے 22 اپریل تک نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی دعوت پر پاکستان کے دورے پر موجود ہیں۔