اقبال کا پیغام آج بھی مشعلِ راہ ہے: وزیر اعظم شہباز شریف

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد، وزیر اعظم شہباز شریف نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ علامہ اقبال محض شاعر نہیں بلکہ صاحب بصیرت مفکر اور رہنما تھے، ان کے نظریات کو اپنا کر ہم قومی یکجہتی اور معاشی خود انحصاری کی راہ پر گامزن ہوسکتے ہیں۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ ریاست کا خواب پیش کیا۔ ان کا فلسفہ خودی اور شاعری تحریکِ پاکستان کے لیے فکری بنیاد بنی، انہوں نے یاد دلایا کہ 1930 کے خطبہ الہ آباد میں اقبال نے جس خودمختار مسلم ریاست کا تصور دیا، وہ بعد میں قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں عملی صورت اختیار کر گیا۔

latest urdu news

شہباز شریف نے کہا کہ اقبال کا پیغام صرف سیاسی نہیں بلکہ فکری اور روحانی یکجہتی کا بھی مظہر تھا۔ آج جب ہمارا ملک سماجی انتشار اور عالمی دباؤ کا شکار ہے، تو ہمیں اقبال کی تعلیمات کو مشعلِ راہ بنانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے علم، عمل، یقینِ محکم اور خود اعتمادی کو زندگی کی بنیاد قرار دیا۔ ان کے افکار ہمیں بتاتے ہیں کہ ایسا معاشرہ کیسے قائم کیا جاسکتا ہے جہاں عدل، محنت اور اخلاقی اقدار کو فوقیت حاصل ہو۔

نوجوانوں سے مخاطب ہو کر وزیر اعظم نے کہا کہ اقبال نے ہمیشہ نوجوانوں کو ملت کا اصل سرمایہ قرار دیا۔ وہ سمجھتے تھے کہ نوجوانی وہ قوت ہے جو قوموں کی تقدیر بدل سکتی ہے، آج کے نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اقبال کا پیغام سمجھیں، جدید تعلیم حاصل کریں اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔

اپنے بیان کے اختتام پر وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں اقبال کے خواب کو حقیقت کا روپ دینا ہے، ہمیں آج کے دن یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم ان کے افکار کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں میں اپنائیں گے اور ایک باوقار، خود مختار اور خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھیں گے۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter