کراچی، سندھ حکومت کی جانب سے نوجوانوں کے لیے ای ٹیکسی پروگرام شروع کرنے کا اعلان کردیا گیا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ عوام نے 24 نومبر کی تحریک انصاف کی کال مسترد کردی ہے، سندھ سے کوئی رضا کارانہ طور پر اس احتجاج کے لیے نہیں نکلا۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ جیل میں بیٹھا شخص عوام کی زندگی اجیرن کر رہا ہے، ان کا ایجنڈا ون پوائنٹ ہے کہ انہیں جیل سے نکالا جائے، پختونخوا حکومت سرکاری وسائل احتجاج کے لیے استعمال کر رہی ہے۔
سینئر صوبائی وزیر کی جانب سے سندھ کے نوجوانوں کے لیے ای ٹیکسی سروس شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا کہ اس روزگارکے لیے کچھ پیسے بینک اور کچھ پیسے سندھ حکومت دے گی، نوجوان کچھ پیسے دیکر ٹیکسی کا مالک بن جائے گا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی پر پابندی عائد کرنے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی۔
قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کروائی گئی، جس کے متن میں یہ کہا گیا کہ یہ ایوان تحریک انصاف کی جانب سے فیڈریشن پر جتھوں کے ساتھ حملہ کرنے کی شدید مذمت کرتا ہے۔