اسلام آباد، وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ٹی ٹریننگ منصوبوں پر فوری عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے آئی سی ٹی ٹریننگ پورٹل کو وسیع پیمانے پر متعارف کرانے اور اسے آزاد کشمیر و گلگت بلتستان سمیت تمام صوبوں تک پھیلانے کا حکم دیا ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف کی زیر صدارت ہواوے (Huawei) ٹیکنالوجیز کے تعاون سے 3 لاکھ پاکستانی نوجوانوں کو آئی سی ٹی ٹریننگ فراہم کرنے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں ہواوے ٹیکنالوجیز کے وفد نے شرکت کی۔
اجلاس میں ڈیجیٹل مہارتوں کی تربیت، آئی ٹی کے شعبے میں عالمی معیار کے کورسز اور چین کے ساتھ کیے گئے سابقہ معاہدوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ڈیجیٹل ترقی میں نوجوانوں کا اہم کردار ہے اور حکومت انہیں جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، انہوں نے ہواوے کے آئی سی ٹی ٹریننگ پروگرام کو آئی ٹی برآمدات میں اضافے اور نوجوانوں کے روزگار کے مواقع میں مددگار قرار دیا۔
ہواوے ٹیکنالوجیز کے نمائندوں نے جدید تربیتی پروگرام کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور بتایا کہ نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت (AI)، سائبر سیکیورٹی، کلاؤڈ کمپیوٹنگ اور جدید ٹیکنالوجیز میں تربیت دی جائے گی۔
وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ 3 لاکھ نوجوانوں کے لیے آن لائن ٹریننگ کا آغاز کیا جا رہا ہے، جس کے لیے آئی سی ٹی ٹریننگ پورٹل کا افتتاح شہباز شریف خود کریں گے، اب تک 20 ہزار 315 طلبہ کو اس پروگرام کے تحت تربیت فراہم کی جا چکی ہے۔
منصوبے کے تحت طلبہ، ٹرینرز اور آئی سی ٹی ماہرین کی مہارتوں کو مزید بہتر بنایا جائے گا، جبکہ ماسٹر ٹرینرز مقامی سطح پر مزید نوجوانوں کو تربیت دیں گے۔
وزیراعظم نے آئی ٹی ٹریننگ منصوبے پر تیزی سے عمل درآمد کی ہدایت کرتے ہوئے اسے ہر ممکن حد تک وسیع کرنے اور زیادہ سے زیادہ نوجوانوں تک پہنچانے کا حکم دیا۔