خیبر کی وادی تیراہ میں موٹر سائیکل کی پارکنگ میں زور دار دھماکا ہوا ہے تاہم ہونیوالے دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
خیبر پولیس کا کہنا ہے کہ وادی تیراہ کے علاقے زڑہ پخہ میں دھماکے میں متعدد موٹر سائیکلیں تباہ ہو گئیں، دھماکے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔
پولیس کے مطابق دھماکے کے وقت موٹر سائیکل پارکنگ میں کوئی موجود نہیں تھا، بارودی مواد موٹر سائیکل میں نصب کر کے دھماکا کیا گیا ہے، تاہم واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب ایک بیان میں مشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان اپنے دشمن خود ہیں، تحریک انصاف کو جب بھی بات کرنا ہوگی وہ ہمارے ساتھ ہی ہوگی، ترامیم کیلئے بندے اٹھانے والی بات درست نہیں بلکہ وہ سب ڈرامہ تھا، ہماری عمران خان سے بات ہوگی تو سب کے سامنے ہوگی۔
ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ کس نے ڈرامہ کیا، یہ بات عمران خان اور پی ٹی آئی سب کو پتا ہے، انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات چل رہے ہیں لیکن اس بار پہلے تفصیلات سے آگاہ نہیں کروں گا۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ محمود اچکزئی اور فضل الرحمان کیساتھ پاکستان تحریک انصاف کے لوگوں سے بھی رابطے ہیں، سیاسی مسائل کا حل سیاسی طور پر ہی ہوسکتا ہے۔