42
سوال: میں ایک فیکٹری چلاتا ہوں جہاں درجنوں مزدور کام کرتے ہیں، رمضان المبارک میں فیکٹری میں دن اور رات دونوں شفٹوں میں کام جاری رہتا ہے،ہم چاہتے ہیں کہ اپنے ملازمین کے لیے افطاری کا بندوبست کریں اور اس کے لیے زکوٰۃ کی رقم استعمال کریں، براہ کرم وضاحت فرمائیں کہ ایسی صورت کیا ہوگی جس میں زکوٰۃ بھی ادا ہو اور ملازمین کے لیے افطاری کا انتظام بھی ممکن ہو؟
جواب: رمضان میں ملازمین کے لیے زکوٰۃ کی رقم سے افطاری کا بندوبست کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ہر مستحق ملازم کو افطاری کے سامان کامالک بنا کر دیا جائے، مثال کے طور پر، افطاری کے پیکٹ بنا کر انفرادی طور پر ہر مستحق ملازم کے حوالے کیے جائیں، تو اس طریقے سے زکوٰۃ ادا ہو جائے گی۔
تاہم، زکوٰۃ سے افطاری کا انتظام کرنے کے لیے یہ لازمی ہے کہ وہ ملازمین مستحق ہوں،اگر کوئی ملازم زکوٰۃ کا مستحق نہیں ہے، تو اسے زکوٰۃ کی رقم سے افطاری دینا درست نہیں ہوگا۔
واضح رہے کہ اگر افطاری کا سامان ایک عمومی دستر خوان پر رکھا جائے جہاں تمام ملازمین بیٹھ کر افطار کریں، تو اس سے زکوٰۃ ادا نہیں ہوگی، کیونکہ اس صورت میں زکوٰۃ کی رقم کسی خاص مستحق کو مالک بنا کر نہیں دی جا رہی ہوگی۔