راولپنڈی، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے راولپنڈی میں جلسے کے لیے دائر درخواست واپس لے لی گئی ہے۔
پی ٹی آئی نے راولپنڈی میں جلسے کی اجازت کے لیے لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں درخواست دائر کی تھی جس کی سماعت آج ہونی تھی۔
تاہم اب اطلاعات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے راولپنڈی میں جلسے کی اجازت کے لیے ہائیکورٹ میں دائر درخواست واپس لے لی ہے۔
بانی پی ٹی آئی نے راولپنڈی جلسے کے لیے دائر درخواست واپس لینے کی ہدایت کی تھی۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے متعدد رہنماؤں کو وارننگ جاری کر دی۔
پارٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی خیبرپختونخوا پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کی جانب سے متعدد رہنماؤں کو وارننگ جاری کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ ہر جلسہ سابق وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر منعقد ہو رہا ہے، کچھ رہنماؤں کی جلسوں میں عدم دلچسپی کی شکایات ہیں، ٹاسک کے مطابق ورکرز کو باہر نہ نکالنے کی شکایت ہے، سابق وزیراعظم عمران خان کیلئے جلسوں میں عدم دلچسپی نقصان دہ ہوسکتی ہے۔