256
لاہور، پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) میں مریضوں کو زائد المیعاد اسٹنٹ استعمال کرنے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
آڈیٹر جنرل کی رپورٹ کے مطابق جولائی 2021 سے دسمبر 2022 کے دوران اسپتال میں 22 مریضوں کو زائد المیعاد اسٹنٹ لگائے گئے۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اسٹاک رجسٹر اور مریضوں کی فائلوں کے جائزے کے دوران نہ صرف یہ سنگین غفلت سامنے آئی بلکہ مالی بے ضابطگیوں کا بھی پتا چلا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ زائد المیعاد اسٹنٹ اور ادویات کی خریداری میں مجموعی طور پر 26 کروڑ 30 لاکھ روپے کی بے ضابطگیوں کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آڈیٹر جنرل کی جانب سے وضاحت طلب کیے جانے کے باوجود متعلقہ محکمہ کی طرف سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔
یہ سنگین غفلت صحت کے نظام پر سوالیہ نشان کھڑا کر رہی ہے اور مریضوں کی جانوں کے ساتھ اس خطرناک کھلواڑ پر اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔
