کراچی میں وفاقی اور سندھ حکومت کے درمیان کینالز منصوبے سے متعلق پیدا ہونے والے تنازع کو مذاکرات کے ذریعے سلجھانے پر اتفاق ہو گیا ہے۔
وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے اس سلسلے میں سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے معاملے کو افہام و تفہیم سے حل کرنے پر اتفاق کیا۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے واضح ہدایات دی ہیں کہ سندھ کے تحفظات کو دور کیا جائے اور کسی قسم کی ناانصافی نہ ہونے دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کینالز کے معاملے پر مذاکرات کے لیے مکمل تیار ہے۔
دوسری جانب شرجیل انعام میمن نے موقف اپنایا کہ سندھ حکومت پہلے ہی تمام فورمز پر اپنا مؤقف پیش کر چکی ہے، اور پیپلزپارٹی 1991 کے معاہدے کی روشنی میں پانی کی منصفانہ تقسیم چاہتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پیپلزپارٹی مذاکرات کی حامی ہے لیکن سندھ کے عوام کے مفادات کا ہر حال میں تحفظ کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے بھی مؤقف دیتے ہوئے کہا کہ کینالز منصوبے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، اس معاملے کو صرف بات چیت کے ذریعے ہی حل کیا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اتحادی جماعت ہے اور اس کے تحفظات کو سنجیدگی سے سنا جائے گا۔
وزیر مملکت برائے مذہبی امور کھئیل داس کوہستانی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے تحفظات کا احترام کیا جائے گا، کینالز منصوبہ ابھی منظوری کے مراحل میں ہے اور وفاق کوئی یکطرفہ فیصلہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کچھ عناصر ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے درمیان اختلاف پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن اتحادی جماعتیں مل کر ان سازشوں کو ناکام بنا دیں گی۔
