کراچی،میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کرنے اور پارکنگ کے بڑھتے ہوئے مسئلے کے حل کی یقین دہانی کروائی ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے بتایا کہ کے ایم سی کی زیر نگرانی شہر میں ترقیاتی سرگرمیاں بھرپور طریقے سے جاری ہیں اور شہریوں سے کیے گئے وعدے پورے کیے جا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ تاریخی عمارتوں اور ورثے کی بحالی کے ذریعے شہری مسائل کے دیرپا حل کی کوشش کی جا رہی ہے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ صدر میں نئی کار پارکنگ کی سہولت کا افتتاح کیا گیا ہے، جہاں 300 گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بیک وقت کھڑی کی جا سکتی ہیں، ان کے مطابق ایمپریس مارکیٹ کے اطراف پارکنگ کا مسئلہ سب سے زیادہ سنگین تھا، جس کے لیے ایک نیا پارکنگ ایریا تیار کیا جا رہا ہے جو 500 سے زائد گاڑیوں کی گنجائش رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں پارکنگ کے بنیادی مسئلے پر توجہ دی گئی ہے اور جلد ہی شاہراہ بھٹو فیز ٹو کا کام بھی مکمل کر لیا جائے گا، ہم اختیارات کی کمی کا شکوہ نہیں کرتے بلکہ عملی اقدامات سے شہر کی ترقی کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں، اور صرف اعلانات نہیں بلکہ زمین پر نتائج دکھا رہے ہیں۔
میئر کراچی نے بتایا کہ ڈینسو ہال کو 30 اپریل تک عوام کے لیے کھول دیا جائے گا جبکہ ایمپریس مارکیٹ کا منصوبہ بھی تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے، شہریوں سے اپیل کی کہ ترقیاتی کاموں میں تعاون کریں، اس کے ساتھ ساتھ کورنگی کازوے اور جام صادق برج پر بھی کام جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ مینا بازار انڈر پاس 30 اگست تک مکمل کر دیا جائے گا جبکہ بولٹن مارکیٹ کی پارکنگ جون تک تیار ہو جائے گی، انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ ریلوے کی خالی جگہ، جو شادیوں کے لیے استعمال ہو رہی ہے، اسے کے ایم سی کے سپرد کیا جائے تاکہ اس کا بہتر استعمال کیا جا سکے۔
