راولپنڈی،سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا ہے کہ قوم متحد ہے، بھارت کسی خوش فہمی میں نہ رہے۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم نہ صرف متحد ہے بلکہ اپنے وطن کی ایک ایک انچ زمین کی حفاظت کرنا جانتی ہے، ان کا کہنا تھا کہ بھارت ایک طرف جنگ کی زبان بول رہا ہے اور دوسری جانب مذاکرات کا ڈھونگ بھی رچا رہا ہے۔
راولپنڈی میں انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ پاکستانی عوام میں وطن کے لیے جان قربان کرنے کا جذبہ موجود ہے اور وقت آنے پر دنیا یہ دیکھے گی کہ یہ قوم کتنی غیرت مند اور عظیم ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ حالات جنگ کی طرف نہیں جائیں گے، کیونکہ اگر ایسا ہونا ہوتا تو فضا مزید کشیدہ ہو چکی ہوتی، تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے پاکستانی قوم کو چیلنج کیا تو یہاں کا ہر فرد، ہر نوجوان، ملک کے دفاع کے لیے اٹھ کھڑا ہوگا۔
دوسری جانب چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران بھارت کی جانب سے لگائے گئے الزامات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کو چاہیے کہ وہ الزامات لگانے سے پہلے واقعے کی شفاف تحقیقات کرے، انہوں نے واضح کیا کہ کشمیر کا مسئلہ بھارت دنیا سے چھپا نہیں سکتا۔
ادھر گورنر سندھ نے بھی بیان دیتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت پاکستان کے پانی کو روکنے کی کوشش کر رہی ہے، لیکن قوم کو کسی پریشانی کی ضرورت نہیں کیونکہ پاکستانی افواج ہر خطرے کا مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔
