فتنہ خوارج اور دہشتگرد تنظیموں کے ناپاک عزائم ناکام بنا دیں گے ، صدر آصف زرداری

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

 

latest urdu news

اسلام آباد، صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ دہشتگردی اور خوارج کے فتنے کو جڑ سے ختم کر کے دشمنوں کے عزائم خاک میں ملا دیں گے۔

یوم پاکستان کے موقع پر ایوانِ صدر میں منعقدہ مسلح افواج کی پریڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 23 مارچ ہماری تاریخ کا ایک یادگار دن ہے، جسے ہم نے بے شمار قربانیوں کے بعد پایا۔

انہوں نے کہا کہ قوم اور افواجِ پاکستان ہمیشہ اپنے وطن کی حفاظت کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار رہے ہیں، ہم نے اندرونی اور بیرونی دہشتگردوں کا بھرپور مقابلہ کیا اور ہمیشہ دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا۔

صدر کا کہنا تھا کہ بھارت ہمیشہ پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھتا رہا ہے، لیکن ہم دشمنوں پر واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ قوم اور مسلح افواج ایک ساتھ کھڑے ہیں اور ہر سازش کو ناکام بنا دیں گے۔

آصف زرداری نے مزید کہا کہ ملک کے نوجوانوں میں مایوسی پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس کا ہمیں ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہوگا، ہم مشکلات سے گھبرانے والے نہیں بلکہ ایک بہادر قوم ہیں، ہر رکاوٹ کے باوجود ملک کی تعمیر و ترقی جاری رکھیں گے، ہماری خارجہ پالیسی امن اور استحکام پر مبنی ہے، اور ہم تمام چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کو جیوپولیٹیکل چیلنجز درپیش ہیں، لیکن ہماری مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک کی سرحدوں اور امن و امان کے تحفظ کے لیے بے پناہ قربانیاں دے رہے ہیں۔

انہوں نے نوجوانوں کو پاکستان کا اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو جدید تعلیم، تحقیق اور ٹیکنالوجی سے روشناس کرانا ہماری اولین ترجیح ہے، تاکہ وہ مستقبل میں ملک کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر سکیں۔

اس موقع پر صدر نے مقبوضہ کشمیر کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے، وہ بھارتی ظلم و ستم کا طویل عرصے سے شکار ہیں، ہم ان کی بے لوث قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور ہر عالمی فورم پر ان کے حق خودارادیت کے لیے آواز بلند کریں گے۔

انہوں نے فلسطین کے مظلوم عوام سے بھی اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینیوں کی نسل کشی روکنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرے، فلسطینی عوام کو مکمل آزادی اور خود مختاری حاصل ہونی چاہیے۔

صدر زرداری نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ پاکستان کی اصل طاقت اس کے عوام ہیں، جن کی حب الوطنی اور عزم نے ہمیشہ ملک کو مشکلات سے نکالا ہے، ہمیں تمام اختلافات کو بھلا کر ایک مستحکم، خوشحال اور پرامن پاکستان کے لیے کام کرنا ہوگا، تاکہ ہمارا ملک ترقی اور انصاف کی راہ پر گامزن رہے۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ پاکستان کو سربلندی، استحکام اور عزت کی راہ پر چلائے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter