لاہور، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت نے عوام کی حمایت سے مشکل مگر درست فیصلے کیے اور وزیراعظم نے سیاست کے بجائے ریاست کو ترجیح دی۔
لاہور کے حلقہ این اے 127 میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف ہر دن کو عوام کی امانت سمجھ کر کام کرتے ہیں اور ان کا کیا گیا وعدہ بجلی بلوں میں ریلیف آج عملی صورت اختیار کر چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ تک محدود ہو چکی ہے، جو حکومتی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، ان کے مطابق، صنعتوں کی بحالی سے بیروزگاری میں کمی آئے گی اور قومی ترقی کا سفر تیز ہوگا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر وطن سے محبت رکھنے والے سپاہی ہیں جو ملکی سلامتی اور معیشت کے استحکام میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، انہوں نے عندیہ دیا کہ مستقبل میں قوم کو مزید خوشخبریاں سننے کو ملیں گی اور ایک ایسا پاکستان تشکیل دیا جائے گا جیسا ہمارے آبا و اجداد کا خواب تھا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کھیلوں کی ترقی اور فروغ کے لیے ہر ممکن وسائل فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
کھیل اور امن کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد معاشرے میں کھیلوں کے تعمیری اثرات کو اجاگر کرنا ہے، کھیل نہ صرف جسمانی صحت بلکہ سماجی ہم آہنگی، برداشت اور امن کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں، امن اور کھیل کا رشتہ ایک دوسرے سے جڑا ہوا ہے، اگر معاشرے میں امن ہو گا تو کھیل بھی فروغ پائیں گے۔
