راولپنڈی، 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا معطلی سے متعلق درخواست پر تاحال سماعت کی تاریخ مقرر نہیں کی جا سکی، جس پر پی ٹی آئی قیادت نے اپنی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے عدالت سے رجوع کیا جا رہا ہے تاکہ کیس کو جلد از جلد سماعت کے لیے مقرر کیا جا سکے، پارٹی کی جانب سے اس معاملے کو فوری نوعیت کا قرار دیتے ہوئے مؤقف اپنایا گیا ہے کہ انصاف میں تاخیر دراصل ناانصافی کے مترادف ہے۔
یا درہے کہ عمران خان کی جانب سے سزا معطلی کی درخواست پر فوری سماعت کے لیے ایک علیحدہ متفرق درخواست بھی اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی گئی ہے، تاہم رجسٹرار آفس کا مؤقف ہے کہ کیس کی اپیل سننے کا امکان 2025 سے پہلے نہیں ہے۔
اس صورتحال کے پیش نظر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان اور سینئر قانون دان لطیف کھوسہ نے قائم مقام چیف جسٹس سے چیمبر میں ملاقات کی، جبکہ پارٹی کے دیگر سینئر رہنما بھی ہائیکورٹ میں موجود تھے۔
پی ٹی آئی نے ایک بار پھر مؤقف دہرایا ہے کہ عمران خان اور دیگر تمام سیاسی قیدیوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے تاکہ ملک میں سیاسی عمل شفاف اور غیرجانبدار طریقے سے آگے بڑھ سکے۔