اسلام آباد، سابق رہنما پاکستان تحریک انصاف عائشہ گلالئی کا کہنا ہے کہ یہودی لابی پاکستان میں تیزی سے کام کر رہی ہے، یہودی لابی سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کو آکسفورڈ کا وائس چانسلر بنانا چاہتی ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے عائشہ گلالئی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عام لوگوں کو حقوق کیوں نہیں دیئے گئے، وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور نے کہا پنجاب آؤں گا تم لوگ بنگلہ دیش بھول جاؤ گے، یہ پختونوں اور پنجابیوں کو الگ کرنے کی سازش تو نہیں؟
عائشہ گلالئی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کے پی کی دوسری شاخ منظور پشتین ہے، منظور پشتین نعرہ قبائلیوں کا لگاتے ہیں لیکن ٹوپی افغانستان کی پہنتے ہیں، میں پاکستان کو توڑنے کی نہیں بلکہ قبائل کو متحد کرنے کی جنگ لڑ رہی ہوں۔
عائشہ گلالئی نے کہا کہ منظور پشتین کو افغانستان کے جھنڈے بڑے پسند ہیں، افغانستان کو چاہیے کہ منظور پشتین کو شہریت دے۔
دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ کوئی صوبہ براہ راست کسی ملک سے مذاکرات نہیں کرسکتا اور اس متعلق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کا بیان زہر قاتل ہے۔
قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جناب اسپیکر آپ نے جو اقدام لیا وہ اس ایوان کے تقدس اور حرمت کے لیے لیا ہے، جو بھائی پروڈکشن آرڈر پر ایوان میں آئے ہیں ان کو نمائندگی کا حق ملا ہے مگر ہم سے ہمارا حق نمائندگی کئی سالوں تک چھینا جاتا رہا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ رہنما پی ٹی آئی شیر افضل مروت نے بہت تعمیری بات چیت کی، مروت صاحب میرے ساتھ اسمبلی میں چند لمحے کے لیے ملے تو ان کی اپنی پارٹی نے ان پر تنقید شروع کردی، یہاں یہ ماحول پیدا کیا گیا کہ دوسرے سے ہاتھ بھی نہیں ملانا، ہماری اور پیپلزپارٹی کی تلخی بھی رہی ہے لیکن موجودہ صورتحال زیادہ خراب ہے۔