مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ وفاقی اور صوبائی وزرا کی علی امین گنڈا پور اور افغان قونصل جنرل کی ملاقات پر تنقید مضحکہ خیز ہے۔
بیرسٹر سیف کا اپنے ایک بیان میں یہ کہنا تھا کہ جعلی وفاقی و صوبائی وزرا کی علی امین گنڈا پور اور افغان قونصل جنرل کی ملاقات پر تنقید مضحکہ خیز ہے، 18 ویں ترمیم کے بعد وزیراعلی غیر ملکی دورے اور معاہدے بھی کرسکتے ہیں۔
مشیر اطلاعات کے پی، نے کہا کہ شہباز شریف بحیثیت وزیراعلیٰ مختلف ممالک کے دورے کیا کرتے تھے، ان دوروں میں شہباز شریف نے تجارتی معاہدے بھی کئے خوب کمیشن بھی کمایا۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور نے غیر ملکی سفراء اور قونصل جنرلز سے ملاقاتیں کیں اور آئندہ بھی کریں گے، ہم افغانستان کے ساتھ بہتر سماجی و تجارتی روابط کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔
دوسری جانب لاہور میں میر خلیل الرحمان سوسائٹی کے زیر اہتمام دفاع وطن کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کے دوران گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں۔
گورنر پنجا ب نے کہا کہ سوشل میڈیا نوجوان نسل کو گمراہ کر رہا ہے، سزا اور جزا کے بغیر ایسے واقعات نہیں رکیں گے۔
سیمینار سے خطاب کے دوران اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ کسی ملک کی 29 چھاؤنیوں پر ایک ہی روز کیسے حملہ ہو سکتا ہے، کیا عسکری اداروں پر حملے کرنا اور غلط بیانیہ بنانا درست ہے۔
ملک محمد خان کا اپنے خطاب میں مزید یہ کہنا تھا کہ کسی مجرم کو انسانی حقوق کے نام پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔