اسلام آباد،وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ سعودی شہریوں کو اب پاکستان آنے کے لیے کسی ویزے یا پابندی کی ضرورت نہیں ہوگی، اس اقدام کا مقصد دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
یہ اعلان اسلام آباد کے ڈپلومیٹک انکلیو میں سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی سے ملاقات کے بعد سامنے آیا، جس میں دوطرفہ سفارتی امور، سفر سے متعلق پالیسیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
محسن نقوی نے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کی مستقل حمایت پر شکریہ ادا کیا، خاص طور پر انسداد منشیات سے متعلق حالیہ کانفرنس میں سعودی شرکت کو سراہا، جو پاکستان اور جی سی سی کے اشتراک سے منعقد ہوئی تھی۔
وزیر داخلہ نے سعودی سفیر کو پاسپورٹ اور قومی شناختی دستاویزات سے متعلق تازہ اصلاحات سے آگاہ کیا، اور بتایا کہ ان اصلاحات کا مقصد جعلی دستاویزات کے استعمال کو روکنا اور ان کی سیکیورٹی کو بہتر بنانا ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ حکومت ملک بھر میں پیشہ ور بھکاریوں کے گروہوں اور گلی محلوں میں جرائم کے خلاف سخت کارروائی کر رہی ہے۔
محسن نقوی نے سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا جن کی مدد سے منشیات اسمگلنگ کیس میں قید 5 پاکستانیوں کو رہائی ملی، اور اسے دونوں ممالک کے قریبی تعلقات کا مظہر قرار دیا۔
سعودی سفیر نواف المالکی نے پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا اور اسٹریٹجک و اقتصادی روابط کو مضبوط کرنے کی خواہش ظاہر کی۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں ممالک نے باہمی مفادات پر مبنی روابط کو مزید وسعت دینے اور قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
