لندن،وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گرد تنظیمیں افغانستان سے اپنی سرگرمیاں چلا رہی ہیں، برادر اسلامی ملک کو ان پر قابو پانا چاہیے۔
مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف سے ملاقات کے لیے ایون فیلڈ لندن پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ان کا بیلاروس کا دورہ بہت کامیاب رہا، جہاں انہوں نے فیکٹریوں کا معائنہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ بیلاروس میں معدنیات کے حوالے سے مشینری تیار کی جاتی ہے اور پاکستان کو اللہ نے معدنیات کے بڑے ذخائر سے نوازا ہے، انہوں نے کہا کہ بیلاروس زراعت میں مہارت رکھتا ہے، جس سے ہم بھی فائدہ اٹھائیں گے اور اس میں خصوصی تعاون فراہم کیا جائے گا، دورے کے دوران بیلاروس کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے فائدہ مند بات چیت ہوئی۔
شہباز شریف نے کہا کہ بیلاروس میں ڈیڑھ لاکھ پاکستانی نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، انہوں نے کہا کہ وہ میاں نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کی خدمت کر رہے ہیں اور تیز ترقی کی منزل تک پہنچنے کے لیے کوشاں ہیں۔
وزیراعظم نے ایران میں قتل ہونے والے پاکستانی مزدوروں کے معاملے پر افسوس کا اظہار کیا اور حکام کو ہدایت کی کہ ان کی لاشوں کو جلد پاکستان منتقل کیا جائے۔
انہوں نےکہا کہ کالعدم ٹی ٹی پی سمیت دیگر دہشت گرد تنظیمیں افغانستان سے آپریٹ کر رہی ہیں، افغان حکومت کو ان پر قابو پانا چاہیے،افغانستان ہمارا برادر اور ہمسایہ ملک ہےاور یہ افغانستان پر منحصر ہے کہ وہ کس طرح کے تعلقات رکھنا چاہتا ہے، امن و سکون کے ساتھ یا تنازعات کے ساتھ۔
شہباز شریف نے کہا کہ دوحہ معاہدے کے تحت افغان حکومت کو اپنی سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دینی چاہیے تھی، اور پاکستان نے افغان عبوری حکومت کو متعدد بار اس بات کا پیغام بھیجا ہے،انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی فوج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں ضائع نہیں جائیں گی۔
