بھارتی پائلٹس کی تربیت کے بغیر طیارے نہیں ملیں گے، کامران ٹیسوری

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

 

latest urdu news

حیدرآباد، گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ وہ کمپنی جس نے بھارت کو لڑاکا طیارے فراہم کیے، اب کہہ رہی ہے کہ وہ آئندہ بھارت کو پائلٹوں کی مناسب تربیت کے بغیر طیارے نہیں دے گی۔

سی ایم ایچ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ ہمارے فوجی جوانوں میں شہادت کا جذبہ ہمیشہ سے موجود ہے، اللہ نے ہمیں عالمی سطح پر اور خاص طور پر اس خطے میں سرخرو کیا ہے، ہماری افواج نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا میں پاکستانی طیارے گرانے کی جو خبریں چلائی گئیں، وہ سراسر غلط ثابت ہوئیں، یہاں تک کہ بھارت میں سچ بولنے والے صحافیوں کے خلاف کارروائیاں بھی کی گئیں۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ بھارت اب ایسی کسی مہم جوئی کے بارے میں نہ سوچے گا اور نہ ہی ہمت کرے گا، ہماری فوج کی جانب سے دیے گئے بھرپور ردِ عمل کو پوری دنیا نے دیکھا، ہمارے زخمی فوجیوں کے چہروں پر مسکراہٹ ہے، انہیں اس بات کا افسوس نہیں کہ وہ زخمی ہوئے، بلکہ افسوس ہے کہ وہ شہادت کے درجے تک نہ پہنچ سکے۔

گورنر سندھ کے مطابق آج پاکستان کے پاسپورٹ اور پاکستانیوں کی عزت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ہمیں اس بات پر بھی غور کرنا ہوگا کہ بھارت نے رات کے وقت حملے کی کوشش کیوں کی، ہمارے وسائل محدود تھے، مگر ہم نے حوصلے اور جذبے کے ساتھ دشمن کو جواب دیا، مودی کا یہ حملہ کسی وقتی جذباتی فیصلے کا نتیجہ نہیں بلکہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کا حصہ تھا، جس کے تانے بانے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں جاری دہشتگردی سے جا ملتے ہیں۔

صدر مملکت کی گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزمائش کے اس وقت میں ہر پاکستانی قربانی دینے کو تیار ہے، ہم تو جیتے ہی شہادت کے لیے ہیں۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ہمارا قومی اتحاد اور قربانی کا جذبہ ہی ہماری اصل طاقت ہے، 80 ہزار شہادتوں کے بعد ہم پر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی گئی، مگر ہم نے دشمن کو بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا، نہ صرف افواج بلکہ پوری قوم نے اتحاد اور جذبے کا مظاہرہ کیا ہے،اب ہر سازش کرنے والے کو سوچنا پڑے گا کہ وہ کس سے ٹکر لے رہا ہے۔

آئی ایم ایف سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ پاکستان اور اس کے عوام آئی ایم ایف کے قرضوں سے نجات حاصل کریں،ہمیں ان شرائط سے آزادی حاصل کرنی ہے اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر ان شاء اللہ اس ملک کا قرض اتارنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ وہی کمپنی جس نے بھارت کو طیارے فراہم کیے، اب مطالبہ کر رہی ہے کہ بھارت کے پائلٹس کی تربیت پاکستانی پائلٹس کے زیرِ نگرانی ہونی چاہیے، ورنہ طیارے فراہم نہیں کیے جائیں گے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter