اسلام آباد، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بچوں کے محفوظ مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے ملک سے پولیو کا خاتمہ انتہائی ضروری ہے۔
انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں انسداد پولیو کی سات روزہ قومی مہم کے آغاز پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی،وزیراعظم نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا باضابطہ آغاز کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہے اور اس مقصد کے لیے مربوط منصوبہ بندی اور مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے، 21 سے 27 اپریل تک جاری رہنے والی مہم کے دوران پولیو ورکرز کی سیکیورٹی کے لیے بھی خاص اقدامات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ5 سال سے کم عمر کے بچوں کو اس مہم کے دوران پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے اور والدین سے اپیل کی کہ وہ مہم کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کریں، وزیراعظم نے معاشرے کے تمام طبقات پر زور دیا کہ وہ اس موذی مرض کے خاتمے کے لیے حکومت کا ساتھ دیں۔
پروگرام کے سربراہ کے مطابق، پنجاب بھر میں پولیو مہم کا آغاز کل سے ہوگا، جس کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جن میں ویکسین اور دیگر ضروری سامان کی سپلائی بھی شامل ہے۔
یادرہے کہ چند روز پہلے انسداد پولیو مہم سے متعلق ایک اجلاس میں وزیراعظم کو 21 اپریل سے شروع ہونے والی مہم پر تفصیلی بریفنگ دی گئی تھی، اجلاس میں بتایا گیا تھا کہ اس قومی مہم کے دوران ساڑھے 45 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، جبکہ اس میں ملک بھر سے 4 لاکھ 15 ہزار سے زائد ورکرز حصہ لیں گے۔
