اسلام آباد، وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے علاقے مہرستان، صوبہ سیستان میں 8 پاکستانی شہریوں کے بہیمانہ قتل پر گہرے رنج و غم اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعظم نے جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت اور ان کے لواحقین کے لیے صبر کی دعا کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی پورے خطے کے لیے سنگین خطرہ ہے، اور خطے کے ممالک کو مل کر اس کے تدارک کے لیے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی۔
وزیراعظم نے ایرانی حکومت سے مطالبہ کیا کہ حملے میں ملوث عناصر کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے اور اس دلخراش واقعے کی وجوہات سے عوام کو آگاہ کیا جائے۔
وزیراعظم نے وزارتِ خارجہ کو ہدایت دی کہ متاثرہ خاندانوں سے فوری رابطہ کیا جائے اور ایران میں موجود پاکستانی سفارتخانے کے ذریعے مقتولین کی میتوں کی جلد اور محفوظ واپسی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
ادھر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی ایران میں پاکستانیوں کے قتل پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور اس دکھ کی گھڑی میں ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
