جمعہ, 25 اپریل , 2025

انڈسٹریز اور عمارات میں رین واٹر ہارویسٹنگ نظام لازمی قرار

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور، پنجاب حکومت نے مختلف نوعیت کی تعمیرات میں بارش کے پانی کو محفوظ کرنے کا نظام لازمی قرار دے دیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل کے مطابق، حکومت پنجاب نے ہدایت جاری کی ہے کہ پولٹری فارمز، فش فارمز، پیٹرولیم ریفائنریز، ٹیکسٹائل اور گارمنٹس یونٹس، فوڈ انڈسٹری، فلور و رائس ملز، گھی و آئل ملز، پیٹرول پمپس اور سیمنٹ پلانٹس میں بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے کا انتظام ضروری ہوگا۔

latest urdu news

سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق، یہ شرط شوگر ملز، کیمیکل و فارما انڈسٹری، پیپر ملز، کھاد کی فیکٹریوں، ہوائی اڈوں، رہائشی منصوبوں، تجارتی عمارات، ہوٹلز اور شادی ہالز پر بھی لاگو ہوگی۔

اسی طرح تمام تعلیمی ادارے، بس و ویگن اسٹینڈز بھی اس پابندی کی زد میں آئیں گے، جہاں بارش کے پانی کو محفوظ رکھنے کا انتظام لازمی ہوگا۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ نئی تعمیرات کی منظوری صرف اسی صورت دی جائے گی جب وہاں بارش کا پانی ذخیرہ کرنے کا نظام موجود ہوگا، اور یہ فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔

یاد رہے کہ بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے کا نظام اس لیے ضروری قرار دیا گیا ہے تاکہ پانی کے ضیاع کو روکا جا سکے اور زیرِ زمین پانی کی سطح کو بحال کیا جا سکے۔ لاہور اور پنجاب کے دیگر شہروں میں پانی کی تیزی سے کم ہوتی سطح ایک سنگین ماحولیاتی مسئلہ بن چکی ہے۔

بارش کا پانی اکثر نالیوں اور گٹروں کے ذریعے ضائع ہو جاتا ہے، حالانکہ یہ صاف پانی قدرتی وسائل کا حصہ ہوتا ہے، اگر اسے سائنسی طریقے سے جمع کر کے استعمال میں لایا جائے تو زرعی، صنعتی، گھریلو اور دیگر ضروریات کیلئے قابلِ قدر مدد مل سکتی ہے۔

حکومت کا یہ قدم نہ صرف پانی کی بچت کو فروغ دے گا بلکہ ماحولیاتی تحفظ، شہری منصوبہ بندی اور پائیدار ترقی کی طرف بھی اہم پیش رفت ہے۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter