اسلام آباد، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھارت کی جارحیت کا مؤثر جواب دینے اور آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ کی کامیابی پر آج ملک بھر میں "یومِ تشکر” منانے کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں شکر بجا لانے، افواجِ پاکستان کی جرات اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے اور قوم کی یکجہتی و حوصلے کو سراہنے کے لیے منایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن "بنیان مرصوص” نے دشمن کی جارحیت کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا، اور پاکستان نے ہر محاذ پر اپنی برتری کو منوایا، ہم اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں کہ اس نے ہمیں کامیابی اور سرخروئی عطا فرمائی۔
وزیراعظم نے کہا کہ بھارتی حملوں کے باوجود پاکستان نے صبر و تحمل اور مکمل تیاری کے ساتھ دفاع کیا۔ انہوں نے علماء کرام اور قوم سے اپیل کی کہ آج ملک بھر میں اجتماعی دعائیں، نوافل، اور شہداء و غازیوں کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا جائے۔
دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان کا کہنا ہے کہ بھارت کے ساتھ سیز فائر ہو سکتا ہے تو پی ٹی آئی کے ساتھ بھی سیاسی سیز فائر ہونا چاہیے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ قوم نے بھارت کو سیاسی اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر جواب دیا ہے۔