’را‘ پاکستان میں دہشت گردوں کے سرپرست کا کردار ادا کر رہی ہے ، رانا ثناء اللہ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

 

latest urdu news

فیصل آباد، وزیر اعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ پاکستان میں دہشت گردوں کی سرپرستی کر رہی ہے۔

فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ پاکستان میں دہشت گردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، انہوں نے کہا کہ ’را‘ دہشت گردوں کو منظم کرنے کیساتھ ساتھ ان کی مالی اور اسلحہ جاتی مدد بھی کر رہی ہے۔

وزیراعظم کے مشیر نے مزید کہا کہ دہشت گرد گروہوں کے نظریات ایک جیسے نہیں ہیں، مگر ’را‘ نے ان سب کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا ہے۔

انہوں نے افغانستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ افسوسناک امر ہے کہ جس ملک کے عوام کی ہم نے برسوں مہمان نوازی کی، وہاں کی حکومت دہشت گردوں کو سہولت فراہم کر رہی ہے، جس کے ذریعے پاکستان میں کارروائیاں کی جاتی ہیں، جو کہ انتہائی قابل مذمت ہے۔

رانا ثناء اللہ نے جعفر ایکسپریس سانحے سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ مسافروں کے یرغمال بنائے جانے کا تاثر غلط ہے۔ ان کے مطابق جیسے ہی واقعہ پیش آیا، بھارتی میڈیا نے پراپیگنڈا شروع کر دیا اور بدقسمتی سے ہمارے ملک کی ایک سیاسی جماعت کا سوشل میڈیا بھی اس مہم کا حصہ بن گیا، جس سے معاملے کو غیر ضروری طور پر بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام دہشت گردوں کو چند گھنٹوں میں انجام تک پہنچا دیا، جائے وقوعہ پر آزاد میڈیا نے بھی رسائی حاصل کی اور سب نے دیکھا کہ تمام مسافر بحفاظت نکل آئے، جبکہ 26 افراد شہید ہوئے، جن میں 18 پاک فوج کے جوان شامل تھے۔

وزیر اعظم کے مشیر نے کہا کہ اگر سینکڑوں لوگ لاپتہ ہوتے تو ان کے لواحقین احتجاج کرتے، لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا، یہ سب بھارتی سازش کا حصہ ہے، جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter