اسلام آباد، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کل سے چین کے سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار اپنے اس اہم دورے میں پاک بھارت کشیدگی، جنگ بندی کی صورتحال اور خطے کی مجموعی سیکیورٹی پر چینی قیادت کو بریف کریں گے، ان کے ہمراہ اعلیٰ سطحی وفد بھی ہوگا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ چین نے حالیہ پاک بھارت تنازع میں پاکستان کے مؤقف کی کھل کر حمایت کی اور دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان امن و استحکام سے متعلق تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔
دفتر خارجہ نے یہ بھی تصدیق کی ہے کہ افغان وزیر خارجہ ملا امیر خان متقی بھی انہی دنوں چین میں موجود ہوں گے اور ان کی موجودگی میں ممکنہ طور پر تین طرفہ گفتگو کے امکانات بھی زیر غور آ سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ چین نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان کی بھرپور حمایت کی ہے،چین نے عالمی سطح پر پاکستان کے موقف کو مضبوطی سے پیش کیا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مذاکرات اور سفارتی کوششوں میں تعاون کیا۔