برطانیہ کے سب سے بڑے اور دنیا کے مصروف ترین ایئرپورٹ ہیتھرو (Heathrow Airport) کو ایک بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن کے باعث مکمل طور پر بند کر دیا گیا، جس سے عالمی فضائی سفر بری طرح متاثر ہوا۔
لندن: برطانیہ کے سب سے بڑے اور دنیا کے مصروف ترین ایئرپورٹ ہیتھرو (Heathrow Airport) کو بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن کے باعث مکمل طور پر بند کر دیا گیا، جس کی وجہ سے ہزاروں پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں اور عالمی فضائی سفر بری طرح متاثر ہوا ہے۔ ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق، 21 مارچ رات 11:59 بجے تک ایئرپورٹ مکمل طور پر بند رہے گا، جبکہ بجلی بحالی میں مزید تاخیر کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
یہ بحران جمعرات کی رات لندن کے مغربی علاقے ہیز (Hayes) میں ایک الیکٹریکل سب اسٹیشن میں آگ لگنے کے بعد پیدا ہوا، جس کے نتیجے میں پورے ایئرپورٹ کی بجلی منقطع ہو گئی۔ آگ پر قابو پانے کے لیے 70 سے زائد فائر فائٹرز اور 10 فائر انجنز موقع پر پہنچے، جبکہ 150 سے زائد افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا اور 200 میٹر تک کا علاقہ سیل کر دیا گیا۔
فلائٹ ریڈار 24 (FlightRadar24) کے مطابق، اب تک 1,350 سے زائد پروازیں متاثر ہو چکی ہیں، جبکہ 120 پروازیں پہلے ہی فضاء میں تھیں، جنہیں یا تو دوسرے ایئرپورٹس پر موڑ دیا گیا یا واپس بھیج دیا گیا۔ قریبی ایئرپورٹس گیٹوک (Gatwick) اور اسٹینسٹڈ (Stansted) پہلے ہی مصروف تھے، جس کی وجہ سے بعض طیاروں کو گلاسگو (Glasgow) اور ایڈنبرا (Edinburgh) کی طرف بھیج دیا گیا۔
ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ بجلی بحالی کا ابھی کوئی حتمی وقت نہیں دیا جا سکتا اور مسافروں کو مزید تاخیر اور مشکلات کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس بحران نے ہیتھرو ایئرپورٹ کے ہنگامی منصوبوں پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے، کیونکہ ماہرین کے مطابق اتنے بڑے ایئرپورٹ کا بیک اپ پاور سسٹم نہ ہونا تشویشناک ہے۔
مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی پروازوں کی تصدیق کے بغیر ایئرپورٹ نہ جائیں۔ مزید اپڈیٹس کے لیے ہمارے ساتھ جُڑے رہیں۔
View this post on Instagram