مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ نااہل وفاقی ٹولے نے ملک کو پتھر کے زمانے میں دھکیل دیا ہے۔
پشاور میں نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف کا یہ کہنا تھا کہ انٹرنیٹ سست کرنے کے غیر آئینی اقدام سے عوام رُل رہے ہیں، سلو انٹرنیٹ سے آن لائن کاروبار کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا ہے۔
بیرسٹر سیف کا یہ کہنا تھا کہ ملک میں سلو انٹرنیٹ نے ای کامرس، ڈیجیٹل اور آئی ٹی سیکٹر کو مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے، دوسرے ممالک اپنے شہریوں کو فائیو جی اور جدید انٹرنیٹ سروس فراہم کر رہے ہیں۔
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا نے کہا کہ انسانی حقوق کی تنظیمیں پاکستان میں فائر وال اور انٹرنیٹ سست روی کے خلاف اپنی آواز بلند کریں۔
دوسری جانب مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کرپٹ نہیں ہے، چاہتا ہوں کہ اپنے کام سے ہمیشہ یاد رکھا جاؤں۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ روشنیوں کے شہر کراچی کی خرابی میں بہت لوگ شامل ہیں، کراچی کے بارے میں جو گمان پیدا ہوگیا ہے اس میں کوئی حقیقت نہیں، کراچی میں اس سال 200 ارب روپے سے زائد خرچ ہوں گے۔
مراد علی شاہ کا یہ کہنا تھا سیلاب زدگان کے لیے گھر بنانے کا بڑا منصوبہ شروع کیا، ہم سیلاب زدگان کو 21 لاکھ گھر بنا کر دے رہے ہیں، پانی، ٹرانسپورٹ، کھیلوں کے میدان اور دیگر منصوبوں پر کام کیا جارہا ہے۔