ایس آئی ایف سی کی جانب سے آئی ایم ایف کو تفصیلی بریفنگ میں ٹیکس استثنا کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلٹی کونسل (SIFC) کی جانب سے بین الاقوامی سرمایہ کاری منصوبوں پر ٹیکس استثنا دینے کا مطالبہ مسترد کر دیا ہے۔
اسلام آباد میں آئی ایم ایف وفد کو ایس آئی ایف سی کے تحت چلنے والے منصوبوں، سرمایہ کاری اور گورننس کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ پاکستانی حکام نے چاغی سے گوادر تک ریلوے ٹریک کے منصوبے پر ٹیکس استثنا کی درخواست کی، جو ریکوڈک سے نکلنے والی معدنیات کی گوادر تک ترسیل کے لیے ضروری ہے۔
چاغی-گوادر ریلوے ٹریک کی فزیبیلٹی اسٹڈی وزارتِ خزانہ، وزارتِ ریلوے اور ایس آئی ایف سی نے مکمل کر لی ہے، لیکن سرمایہ کار ممالک اس منصوبے میں سرمایہ کاری کے لیے ریاستی گارنٹی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ آئی ایم ایف کے قرض پروگرام کی شرائط کے باعث حکومتِ پاکستان ہر سرمایہ کاری پر ریاستی گارنٹی دینے سے قاصر ہے، جس سے منصوبے کے لیے فنڈنگ میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔