ٹرینیڈاڈ کے برائن لارا کرکٹ سٹیڈیم میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 34 سال بعد ون ڈے سیریز میں عبرتناک شکست دی ہے۔ سیریز کے فیصلہ کن تیسرے ون ڈے میچ میں میزبان ٹیم نے پاکستان کو 202 رنز سے شکست دے کر 1-2 سے سیریز اپنے نام کی۔
میچ میں پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ ویسٹ انڈیز نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 294 رنز بنائے، کپتان شائے ہوپ نے 94 گیندوں پر ناقابل شکست 120 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ جسٹن گریوز نے 24 گیندوں پر 43 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیل کر ٹیم کو بڑا اسکور دلایا۔
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور ابرار احمد نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد نواز اور صائم ایوب نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام ہوئی اور پوری ٹیم صرف 92 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ کپتان محمد رضوان، صائم ایوب اور عبداللہ شفیق بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، بابر اعظم صرف 9 رنز بنا سکے۔ سلمان علی آغا 30 اور محمد نواز 23 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیڈن سلز نے شاندار باولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں اور پاکستانی بیٹنگ کو بری طرح توڑ کر رکھ دیا۔ گداکیش موتی نے 2 جبکہ روسٹن چیز نے ایک وکٹ لی۔ میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز شائے ہوپ کو ملا جبکہ سیریز کے بہترین کھلاڑی جیڈن سلز قرار پائے۔