پیپلز پارٹی نے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی ہے۔
پارٹی قیادت کی مشاورت کے بعد قرارداد اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرائی گئی، جبکہ اعلیٰ قیادت نے تمام اراکین اسمبلی کو فوری طور پر مظفرآباد پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی نے نئے وزیراعظم کے لیے سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی آزاد کشمیر فیصل راٹھور کو اپنا امیدوار نامزد کر دیا ہے۔ فیصل راٹھور کی نامزدگی کا اعلان راجا پرویز اشرف اور چوہدری یاسین نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
پیپلز پارٹی نے وزیراعظم آزاد کشمیر کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا فیصلہ کر لیا
آئین کے مطابق تحریک عدم اعتماد جمع ہونے کے بعد 3 سے 7 روز کے اندر اجلاس بلا کر رائے شماری کروانا ضروری ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے بھی تحریک کا بھرپور طریقے سے مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن تحریک عدم اعتماد میں پیپلز پارٹی کا ساتھ دے گی، جبکہ پاکستان میں آئینی ترمیم کے باعث تحریک جمع کرانے میں تاخیر ہوئی تھی۔
تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے لیے 27 ووٹ درکار ہیں، تاہم پیپلز پارٹی کا دعویٰ ہے کہ انہیں 40 سے زائد اراکین کی حمایت حاصل ہے۔
