35
گجرات میں موٹر سائیکل چوروں کی دیدہ دلیری بڑھتی جا رہی ہے، پولیس کی کارکردگی سوالیہ نشان بن گئی۔ شہر میں چوری کی وارداتوں کا سلسلہ نہ تھم سکا اور گزشتہ روز مزید پانچ موٹر سائیکلیں چوری کر لی گئیں۔
پہلی واردات عزیز بھٹی شہید ہسپتال کے احاطے میں پیش آئی جہاں سروس موڑ کے رہائشی کی موٹر سائیکل نامعلوم چور لے اُڑے۔ دوسری واردات جیل چوک کے قریب پیش آئی جہاں چاہ بڈھے والا کے رہائشی مرزا قوسین کی موٹر سائیکل چوری ہو گئی، اسی طرح گوٹریالہ، عاددوال اور دولت نگر سے بھی نامعلوم چور موٹر سائیکلیں چرا کر فرار ہو گئے۔
شہریوں نے شکایت کی ہے کہ چوری کے بڑھتے واقعات کے باوجود پولیس کسی قسم کی مؤثر کارروائی کرنے میں ناکام ہے، جس سے جرائم پیشہ عناصر کے حوصلے مزید بلند ہو رہے ہیں۔
یاد رہے کہ گجرات میں گزشتہ چند ہفتوں سے موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، مگر تاحال کوئی منظم کارروائی سامنے نہیں آئی، جس پر عوام میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔