قومی ٹی 20 کرکٹ اسکواڈ کا پہلا گروپ، جس میں چار کھلاڑی شامل ہیں، سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو پہنچ گیا ہے۔
اس گروپ میں شاداب خان، رانا فہیم اشرف، وسیم جونیئر اور سلمان مرزا شامل ہیں۔ ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، باؤلنگ کوچ ایشلے نوفکی، فیلڈنگ کوچ اور سپورٹ اسٹاف کے دیگر ارکان بھی پہلے گروپ کے ساتھ کولمبو پہنچے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اسکواڈ کے دیگر کھلاڑی اور باقی سپورٹ اسٹاف آج سہ پہر لاہور سے کولمبو کے لیے روانہ ہوں گے تاکہ ٹیم مکمل طور پر آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کے لیے تیار ہو جائے۔ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ 7 فروری سے بھارت اور سری لنکا میں شیڈول ہے، تاہم پاکستانی ٹیم اپنے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے گی۔
بنگلادیش نے ٹی 20 ورلڈکپ کے لیے بھارت کا دورہ منسوخ کر دیا
اس دوران بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے بھی آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کے لیے بھارت نہ جانے کا اعلان کیا ہے۔ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ بی سی بی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی ہنگامی میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ بنگلادیش کی قومی ٹیم بھارت نہیں جائے گی۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ اس فیصلے سے آئی سی سی کو باقاعدہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے اور بنگلادیش بورڈ منتظر ہے کہ آئی سی سی اس صورتحال کو سمجھتے ہوئے جلد اس معاملے پر جواب دے۔ اس فیصلے کے بعد ٹیموں کے شیڈول اور ممکنہ میچز پر نظر ثانی کی توقع کی جا رہی ہے۔
پاکستانی ٹیم کے کولمبو پہنچنے کے ساتھ ہی ٹور کی تیاریوں کا آغاز ہو گیا ہے، جہاں کھلاڑی پریکٹس سیشنز اور فیلڈنگ ڈرلز کے ذریعے اپنی فارم بہتر کریں گے۔ پاکستانی شائقین کی توقعات ہیں کہ ٹیم مضبوط فارم میں ٹی 20 ورلڈکپ کے لیے روانہ ہوگی۔
