یکم مئی یعنی یومِ مزدور کے موقع پر اداکارہ اور میزبان فضا علی کا خصوصی پروگرام سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی زد میں آ گیا ہے، جس میں ان کے اندازِ پیشکش پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
پروگرام میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے محنت کشوں کو مدعو کیا گیا تھا تاکہ ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا جا سکے۔ اس دوران فضا علی خود بھی ایک منظر میں بیلچہ تھامے مزدوروں کے ساتھ ویڈیو ریل بناتی نظر آئیں، جس کا مقصد بظاہر محنت کش طبقے کے ساتھ اظہارِ یکجہتی تھا۔
فضا علی کی شوہر کے کپڑوں میں تصاویر، سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی
تاہم سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے اس اقدام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مزدوروں کو عزت و وقار کے ساتھ پیش کرنے کے بجائے انہیں صرف مواد (content) اور ویوز حاصل کرنے کے لیے استعمال کیا گیا۔ ناقدین کے مطابق اگر اصل مقصد خراجِ تحسین تھا تو اسے زیادہ سنجیدہ اور باوقار انداز میں پیش کیا جانا چاہیے تھا۔
کچھ صارفین نے اسے محض ریٹنگز اور آن لائن توجہ حاصل کرنے کی کوشش قرار دیا، جبکہ دیگر نے کہا کہ محنت کش طبقے کے مسائل کو اس انداز میں پیش کرنا ان کی حقیقی جدوجہد کی عکاسی نہیں کرتا۔
یہ پہلا موقع نہیں جب فضا علی کو اپنے پروگرام یا سوشل میڈیا مواد کے باعث تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہو، تاہم اس بار بحث کا مرکز یومِ مزدور جیسے حساس اور اہم موقع پر کیا گیا اندازِ پیشکش بنا ہوا ہے۔
