چین کے صوبے گوانگ ڈونگ سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان جوڑے نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے اور اس کی وجہ صرف ان کی محبت نہیں، بلکہ ان کی حیرت انگیز مشابہت ہے۔
ہیشیان شینگ اور ان کی اہلیہ لیانگ شیاؤ بظاہر ایک عام جوڑا لگتے ہیں، لیکن جب دونوں ایک جیسے لباس اور میک اپ میں سامنے آئے تو صارفین حیرت میں ڈوب گئے۔ انٹرنیٹ پر گردش کرنے والی ویڈیوز اور تصاویر میں دونوں کی شکلیں اتنی ایک جیسی دکھائی دے رہی ہیں کہ لوگوں کو اندازہ لگانا مشکل ہوگیا کہ ان میں سے شوہر کون ہے اور بیوی کون۔
ایک وائرل ویڈیو میں دونوں نے ایک ہی طرح کی وگ پہنی ہوئی ہے، اور ایک جیسے تاثرات کے ساتھ کیمرے کے سامنے موجود ہیں۔ اس ویڈیو کے کیپشن میں دلچسپ سوال بھی پوچھا گیا: "شوہر کون ہے اور بیوی کون؟”
ان کی مشابہت کے باعث کئی صارفین نے قیاس آرائیاں شروع کر دیں کہ شاید یہ دونوں بچپن میں بچھڑ جانے والے جڑواں بہن بھائی ہیں، حالانکہ حقیقت اس سے مختلف ہے۔
چینی نوجوان نے انٹرنیٹ سے سیکھ کر راکٹ بنایا، 400 میٹر بلندی تک کامیاب پرواز
لیانگ شیاؤ نے وضاحت کی کہ وہ دونوں مختلف خاندانوں سے تعلق رکھتے ہیں، اور اتفاقیہ ملاقات کے بعد ان کے درمیان دوستی ہوئی جو چند ماہ میں شادی پر منتج ہوئی۔ شادی کے بعد 2023 میں دونوں نے مشترکہ طور پر ہربل ادویات کا کاروبار شروع کیا۔
لیانگ کا کہنا ہے کہ ابتدا میں انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ ان کی شکلیں اس قدر ملتی ہیں، لیکن شادی کے بعد روزانہ کا ساتھ اور ایک جیسا طرزِ زندگی شاید اس مشابہت کی وجہ بنا۔
ہیشیان شینگ کو شروع میں بیوی جیسے ملبوسات اور میک اپ کرنے میں جھجک محسوس ہوئی، لیکن جلد ہی انہوں نے اسے قبول کر لیا — خاص طور پر اس خیال سے کہ اس طرز کی ویڈیوز سے ان کے کاروبار کو آن لائن شہرت اور فروغ مل سکتا ہے۔
اب یہ جوڑا نہ صرف ایک جیسا دکھائی دیتا ہے بلکہ ان کی ہم آہنگی اور انفرادیت نے انہیں چینی سوشل میڈیا پر مشہور بنا دیا ہے۔