لیگی رہنما رانا ثنا اللہ نے کابینہ، اسمبلی اور سینیٹ اجلاسوں میں تاخیر کا ذمہ دار تحریک انصاف کو قرار دیدیا۔
اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ نے پی ٹی آئی کو کابینہ، اسمبلی اور سینیٹ اجلاسوں میں تاخیر کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف بغیر اپنے بانی عمران خان سے ملے بات نہیں کرنا چاہتی، جبکہ مولانا فضل الرحمان پی ٹی آئی کو مذاکرات کے لیے آمادہ کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں، لیکن ان کے خیال میں مولانا کی یہ کوشش ناکام ہوگی۔
رانا ثنا اللہ نے بیان دیا کہ کابینہ، اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاسوں میں تاخیر کا سبب تحریک انصاف کے وفد کی اپنے بانی سے ملاقات ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تحریک انصاف کا وفد بانی پی ٹی آئی سے اجازت لینے اڈیالہ جیل گیا ہے، تاہم انہیں ملاقات کی اجازت نہیں ملے گی، کیونکہ بانی پی ٹی آئی کا رویہ ایسا نہیں کہ وہ کسی کے ساتھ بیٹھ کر بات کریں۔
مزید بات کرتے ہوئے رہنما ن لیگ نے کہا کہ پی ٹی آئی کا ایجنڈا 2014ء سے مسائل پیدا کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی جماعت نے مولانا فضل الرحمان کے مسودے پر اتفاق کیا ہے اور معمولی فرق کے ساتھ جے یو آئی (ف) کا مسودہ اپنایا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم نے مولانا فضل الرحمان کو منانے کی کوشش کی تھی، جب وہ نہیں مانے تو ہم نے ان کی بات تسلیم کر لی۔ مولانا کی کوشش ہے کہ وہ پی ٹی آئی کو بھی راضی کر لیں، مگر میرے خیال میں ان کی یہ کوشش بے نتیجہ رہے گی اور مولانا کو اپنے مسودے پر ڈٹے رہنا چاہیے۔