اسلام آباد، سینیٹر مسلم لیگ (ن) عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ اگلا چیف جسٹس ٹاپ تھری ہو گا یا ٹاپ فائیو ابھی اس کا فیصلہ نہیں ہوا۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کے دوران (ن) لیگی رہنما عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ ایسے عدالتی میکینزم کا تصور سامنے آ رہا ہے جو آئینی عدالت سے کچھ کم اور آئینی بینچ سے اوپر کا درجہ رکھتا ہو، جو جج سپریم کورٹ میں باقی رہ جائیں گے وہ تاخیر کے شکار کیسز کو دیکھ سکیں گے۔
عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ اگلا چیف جسٹس ٹاپ تھری ہو گا یا ٹاپ فائیو ابھی اس کا فیصلہ نہیں ہوا، آئینی بینچ میں اور اس کے اپیلٹ بینچ میں چاروں صوبوں کی نمائندگی ہونی چاہیے۔
پروگرام میں شریک ترجمان بلاول بھٹو اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے 5 سینئر ججوں کو آئینی بینچ میں بھیج دیا تو دیگر کیسز دیکھنے کے جج کم پڑجائیں گے جو پہلے ہی کم پڑ رہے ہیں۔
اگلے چیف جسٹس منصور علی شاہ ہوں گے یا نہیں؟ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی جانب سے واضح جواب دینے سے انکار کردیا گیا۔
دوسری جانب ٹیکسلا میں عوام پاکستان پارٹی کے اجتماع سے خطاب کے دوران سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ موجودہ حکمران اپنے اقتدار کو مضبوط کرنے کیلئے آئینی ترامیم کر رہے ہیں، پاکستان پر اشرافیہ کا غلبہ ہے، جن میں مفادات کی جنگ لگی ہوئی ہے۔