حکومت نے اگلے 15 دنوں کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا۔
وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اعلان کرتے ہوئے اگلے 15 دن (16 تا 31 اکتوبر) کے لیے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 5 روپے اضافہ کردیا ہے، جبکہ پیٹرول کی قیمت کو برقرار رکھا گیا ہے۔ اس اضافے کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 251 روپے 29 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے، جبکہ پیٹرول کی قیمت 247 روپے 3 پیسے فی لیٹر برقرار ہے۔
اس سے قبل 30 ستمبر کو حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 40 پیسے کمی کا اعلان کیا تھا۔ تاہم، عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر اس بار ڈیزل کی قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے۔ مشرق وسطیٰ کی موجودہ کشیدگی اور عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔ عالمی مارکیٹ میں ڈیزل کی قیمت تقریباً 80.5 ڈالر فی بیرل سے بڑھ کر 87.5 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے۔
پیٹرول زیادہ تر نجی ٹرانسپورٹ، چھوٹی گاڑیوں اور رکشوں میں استعمال ہوتا ہے، اور اس کی قیمتوں میں تبدیلی کا اثر براہ راست متوسط طبقے پر پڑتا ہے۔