نیویارک، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم کا کہنا ہے کہ فتنہ الخوارج کو افغان عبوری حکومت کی سرپرستی حاصل ہے۔
سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں منیر اکرم کا کہنا تھا پاکستان فتنہ الخوارج کے خلاف ملکی سطح پر کارروائی کرتا رہے گا، پاکستان علاقائی اور بین الاقوامی تنظیموں کیساتھ تعاون کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ ٹی ٹی پی کے خطرے کو ختم کیا جا سکے۔
پاکستان کے مستقل مندوب کا کہنا تھا کہ فتنہ الخوارج کو افغان عبوری حکومت کی سرپرستی حاصل ہے، پاکستان افغانستان میں امن اور استحکام چاہتا ہے، افغانستان میں خواتین کی آواز دبانے اور افغانستان میں انسانی بحران پر بھی پاکستان کو تشویش ہے۔
پاکستان کے مستقل مندوب منیراکرم نے افغانستان کی معاشی بحالی کیلئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے یہ کہا کہ پاکستان افغانستان کیساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات بڑھانے کیلئے پرُعزم ہے، عالمی برادری افغانستان کے حوالے سے اپنے مقاصد کو نظر انداز نہ کرے۔
دوسری جانب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران یہ کہا کہ امریکا پیجر دھماکوں میں ملوث ہے نہ جانتا ہے کہ اس کے پیچھے کون ہے۔
میتھیو ملر نے کہا کہ امریکا بھی پیجر ڈیوائسز میں دھماکوں کی تحقیقات چاہتا ہے، اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان سفارتی سطح پر مسائل حل ہونے چاہیے۔
ترجمان محکمہ خارجہ نے کہا کہ پاکستان ہمارا طویل مدتی شراکت دار رہا ہے لیکن پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام کی حمایت نہیں کریں گے۔