ڈپٹی کمشنر گجرات کی ڈی سی کمپلیکس میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

ڈپٹی کمشنر گجرات نے ڈی سی کمپلیکس میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شیدید بارشوں کے دوران انتظامیہ نے نکاسی آب کے حوالے سے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے۔

ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے ڈپٹی کمشنر کمپلیکس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شدید بارشوں کے دوران انتظامیہ نے نکاسی آب کے حوالے سے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے۔ انہوں نے بتایا کہ بھمبر روڈ کے اطراف کے مختلف دیہاتوں اور کھیتوں میں سیلابی پانی جمع ہو گیا، اور بعض دیہات میں بند ٹوٹنے سے پانی کی مقدار میں اضافہ ہو گیا۔

latest urdu news

ڈی سی گجرات کا کہنا تھا کہ جمال پور سیداں، گیگیاں، مدینہ سیداں، لورائے، اور ملہو کھوکھر سمیت دیگر دیہات میں نکاسی آب کے لیے تمام متعلقہ ادارے الرٹ رہے اور 2400 فٹ لمبی خندق کھود کر پانی کے بہاؤ کا رخ تبدیل کیا گیا۔ مزید برآں، 15 ڈی واٹرنگ سیٹ لگا کر پانی کو نکالا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ اسٹیڈیم اور کچہری چوک میں سیلابی پانی جمع ہے، جسے اگلے 2 دنوں میں مکمل نکال لیا جائے گا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ کچہری چوک اور جناح چوک کے علاقے باقی شہر سے نیچے ہونے کی وجہ سے پورے شہر کا پانی ان علاقوں میں جمع ہو جاتا ہے۔

ڈی سی گجرات کیمطابق پانی کی نکاسی کے لیے سیوریج لائنوں اور نالوں کی صفائی مسلسل کروائی جا رہی ہے، اور تمام ڈسپوزل اسٹیشنز اپنی پوری صلاحیت کے مطابق چلائے جا رہے ہیں۔ دیہات اور شہر کو پانی سے محفوظ رکھنے کے لیے مختلف سڑکوں کو کاٹ کر پائپ ڈالے گئے اور پانی کے قدرتی بہاؤ کا رخ تبدیل کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے مزید کہا کہ شہریوں کی مشکلات سے ہم پوری طرح آگاہ ہیں اور پانی کی نکاسی کے لیے تمام وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کمشنر گجرانوالہ نوید حیدر شیرازی اور واسا گوجرانوالہ سے ڈی واٹرنگ سیٹ منگوا کر نکاسی آب کا عمل جاری ہے، اور شہر میں سیوریج کے مسائل کے حل کے لیے جامع سیوریج اسکیم پر کام ہو رہا ہے۔ نالوں پر قائم تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے، اور پانی کا غیر قانونی طور پر رخ تبدیل کرنے پر مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔

انہوں نے یقین دلایا کہ جامع منصوبہ بندی اور پیشگی اقدامات کی بدولت نقصانات کو کم سے کم رکھا گیا ہے۔ تمام متعلقہ افسران فیلڈ میں موجود رہے اور مسلسل نگرانی جاری ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگلے 2 سے 3 دن میں شہر اور دیہات سے مکمل طور پر پانی کا نکاس کر لیا جائے گا، اور متاثرہ شہریوں اور دیہاتیوں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔ پریس کانفرنس کے موقع پر ضلع بھر سے سینئر صحافی بھی موجود تھے۔

News Alert Urdu

شیئر کریں:
frontpage hit counter