کسان اتحاد کا حکومت پر شدید ردعمل، سبسڈی مسترد، انصاف پر زور

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

 

latest urdu news

ملتان، کسان اتحاد کے سربراہ خالد کھوکھر نے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ گندم کے کاشتکاروں کو ان کی محنت کا مناسب معاوضہ نہیں دیا جا رہا، ہم خیرات یا سبسڈی نہیں بلکہ اپنی محنت کی مکمل اجرت چاہتے ہیں۔

ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خالد کھوکھر نے کہا کہ 15 ارب روپے کی سبسڈی کا اعلان کسانوں کے ساتھ مذاق کے مترادف ہے۔

کسان آج بھی اپنے جائز حقوق سے محروم ہیں، اور گندم کی فصل کی مناسب قیمت نہ ملنے پر بدحال ہو چکے ہیں، انہوں نے جذباتی انداز میں کہا، حکومت اپنی سبسڈی اور خیرات اپنے پاس رکھے، ہمیں صرف ہماری محنت کا حق چاہیے۔

خالد کھوکھر نے خبردار کیا کہ اگر حالات یہی رہے تو آئندہ سال گندم کی کاشت بند کر دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پہلے ہی کسانوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے، اور اب حکومتی بے حسی نے انہیں مزید مشکلات میں ڈال دیا ہے،کسان خوف اور مایوسی میں زندگی گزار رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کپاس کے کاشتکار بھی بدترین حالات سے دوچار ہیں، جنہوں نے حکومتی پالیسی کے تحت فصل کاشت کی لیکن بدلے میں کچھ حاصل نہیں ہوا، اب کسانوں کے پاس احتجاج کے سوا کوئی اور راستہ باقی نہیں بچا۔

یاد رہے کہ کسان پنجاب حکومت کی غلط پالیسیوں کے باعث سڑکوں پر ہیں ، حکومت مخالف نعرے بازی جاری ہے ، احتجاج کا دائرہ کار وقت کیساتھ ساتھ وسیع ہوتاجارہا ہے ۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter