چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری 10 روز دبئی میں قیام کرنے کے بعد کراچی پہنچ گئے ہیں۔
بلاول بھٹو 10 روز قبل نجی دورے پر دبئی روانہ ہوئے تھے تاہم وہ اب واپس کراچی پہنچ گئے ہیں جہاں وہ بلاول ہاؤس میں صدر مملکت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے ملاقات کریں گے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول ہاؤس سے عمرکوٹ میں جاری ضمنی الیکشن کی مانیٹرنگ کریں گے اور جمعہ کو حیدرآباد میں ہونے والے جلسے سے خطاب کریں گے۔
خیال رہے کہ دریائے سندھ پر نہریں نکالنے کا معاملہ اس وقت متنازع بنا ہوا ہے جس پر صوبہ سندھ اور وفاق میں شدید اختلاف پائے جارہے ہیں تاہم 4 اپریل کو بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے دریائے سندھ پر متنازع نہر منصوبے کو واپس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔
سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی 46 ویں برسی کے موقع پر چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر عوام ان نہروں کی مخالفت کرتے ہیں تو ان کی جماعت حکومت کے ساتھ نہیں بلکہ ان کے ساتھ کھڑی ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ مطالبہ صرف ہمارا نہیں بلکہ پورے سندھ کے عوام کا ہے۔ اگر ہم نے بھائی بن کر متحد رہنا ہے تو اس منصوبے کو واپس لینا ہوگا۔