کویت نے پاکستان کے لیے تیل کی کریڈٹ سہولت میں 2 سال کی توسیع کر دی ہے۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر پیٹرولیم ”علی پرویز ملک“ سے ملاقات کے دوران کویتی سفیر نے یہ بات بتائی۔ اس موقع پر علی پرویز ملک نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے کویت اور دیگر برادر ممالک کی حمایت سے مشکل معاشی اصلاحات میں کامیابی حاصل کی ہے۔
کویتی سفیر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے معاشی ترقی کی ہے اور دونوں ممالک نے توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔
وزارت پیٹرولیم کے مطابق پاکستان کویت سے سالانہ 2 ملین ٹن تیل درآمد کرتا ہے۔
ماضی میں کویت کی جانب سے تیل کی کریڈٹ سہولت ایک سال کے لیے دی جاتی تھی، لیکن اس بار کویت نے 2 سال کے لیے پاکستان کو تیل ادھار دینے کی سہولت فراہم کی ہے۔
بعد ازاں وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان گزشتہ ماہ کیا گیا، پوری دنیا پاکستان کے مشکل مگر بہتر معاشی فیصلوں کو سراہ رہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی ریٹنگ عالمی ایجنسی کی جانب سے بڑھائی گئی، پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم عالمی سطح کا ایونٹ بن گیا تھا۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ اگر مستقبل میں عالمی منڈی میں مزید ریلیف ملا تو ان شا اللہ آئندہ ملنے والا ریلیف عوام کو منتقل کیا جائے گا۔