لاہور، اگلے سال فروری میں متوقع بسنت تہوار کے سلسلے میں تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں، جن کے تحت موٹر سائیکل پر دو روزہ پابندی عائد کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔
یہ فیصلہ میاں نواز شریف کی ہدایت پر ہونے والے اہم اجلاس میں کیا گیا، جس میں سی سی پی او لاہور صدیق کمیانہ، کمشنر لاہور زید بن مقصود، ڈی جی والڈ سٹی کامران لاشاری سمیت دیگر حکام شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران بسنت کے دوران استعمال ہونے والی ڈور کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے پی سی ایس آئی آر لیبارٹری سے نمونے ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا، اور منظور شدہ معیار کے مطابق ڈور تیار کی جائے گی۔
جون میں ایک ریہرسل بھی منعقد ہوگی، جس میں پتنگ اور ڈور کی جانچ کی جائے گی۔
تجویز دی گئی ہے کہ بسنت کے موقع پر موٹر سائیکل کی آمد و رفت پر عارضی پابندی ہو، نائٹ اور ڈے فلائنگ کی اجازت دی جائے، جبکہ پتنگ کی حد ڈھائی تاوا گڈے تک مقرر کی جائے۔
بسنت کو پورے لاہور میں منانے کی اجازت دی جائے گی اور غیر ملکی سیاحوں کو مدعو کرنے کے لیے بھی حکمت عملی مرتب کی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ مارچ 2024 میں فیصل آباد میں ایک 22 سالہ نوجوان آصف، افطاری کا سامان لینے جاتے ہوئے موٹر سائیکل پر گلے میں ڈور پھرنے سے جاں بحق ہوا۔
اسی طرح، پتوکی میں ایک بچہ پتنگ اڑاتے ہوئے چھت سے گر کر جان سے چلا گیا، جبکہ لاہور میں دو بچے پتنگ پکڑنے کی کوشش میں ایک کرنٹ لگنے سے اور دوسرا چھت سے گر کر جاں بحق ہوا۔