واشنگٹن، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ کو ٹیرف کی مد میں یومیہ دو ارب ڈالر کی آمدنی حاصل ہو رہی ہے۔
وائٹ ہاؤس میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے بتایا کہ جاپان اور جنوبی کوریا کے نمائندے تجارتی معاہدے پر بات چیت کے لیے امریکہ پہنچنے والے ہیں۔
اس موقع پر صدر ٹرمپ نے کوئلہ کی پیداوار بڑھانے کے لیے ایک ایگزیکٹو آرڈر پر بھی دستخط کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ایک ایسی انڈسٹری کو بحال کر رہے ہیں جسے ماضی میں نظر انداز کر دیا گیا تھا۔
صدر ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ کوئلہ کی صنعت کو فروغ دینے کے لیے ’ڈیفنس پروڈکشن ایکٹ‘ کا استعمال کیا جائے گا تاکہ توانائی کے شعبے میں خود کفالت حاصل کی جا سکے۔
دوسری جانب امریکا اور چین کے درمیان تجارتی جنگ میں مزید شدت آ گئی ہے، امریکا نے چین پر 104 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی کہ چین پر آج سے 104 فیصد ٹیرف لاگو ہوگا۔ چین کی جانب سے ٹیرف پر جوابی کارروائی کرنا غلط تھا، اور اگر چین معاہدہ کرتا ہے تو ٹرمپ کی طرف سے ریلیف فراہم کیا جائے گا۔