مولانا فضل الرحمان کا اسرائیلی جارحیت کے خلاف بڑا اعلان

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

جمعیت علمائے اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان نے غزہ میں اسرائیلی بربریت کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے 10 اپریل کو اسلام آباد میں ایک ہمہ جہتی کنونشن اور 13 اپریل کو کراچی میں احتجاجی ریلی کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے امت مسلمہ کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ اسلامی ممالک کے حکمران مغرب اور امریکا کے آگے سر تسلیم خم کیے بیٹھے ہیں، جبکہ مسلم عوام کو چاہیے کہ وہ اپنے حکمرانوں پر سیاسی دباؤ بڑھائیں تاکہ وہ ملت کے جذبات کی ترجمانی کرسکیں۔

latest urdu news

ان کا کہنا تھا کہ غزہ کے مظلوم عوام، خاص طور پر معصوم بچے، بھوک، پیاس اور بمباری کے درمیان زندگی کی آخری سانسیں گن رہے ہیں، اسرائیل نے نہ صرف امن معاہدے کو پامال کیا بلکہ شب خون مار کر ظلم کی نئی تاریخ رقم کی۔ انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو ایک جنگی مجرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی عدالت انصاف نے اس کی گرفتاری کے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔

مولانا کا مزید کہنا تھا کہ فلسطین میں ادویات ناپید ہیں، خوراک کا فقدان ہے، اور اس نازک صورتحال میں بھی مسلم قیادت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ جو ظلم کرتا ہے اور جو خاموشی اختیار کرتا ہے، دونوں برابر کے شریک سمجھے جاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ آج بھی دل و جان سے یکجہتی کی حالت میں ہے، لیکن افسوس کہ ان کے حکمران ان جذبات کی نمائندگی کرنے سے قاصر ہیں، مولانا نے خبردار کیا کہ گریٹر اسرائیل کے منصوبے کے سامنے عرب دنیا کے کسی بھی ملک کو تحفظ حاصل نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ 10 اپریل کو تمام مکاتب فکر کے نمائندوں پر مشتمل ایک کنونشن منعقد کیا جائے گا جس میں ایک متفقہ حکمت عملی طے کی جائے گی، اور 13 اپریل کو کراچی میں اسرائیل کے خلاف بڑا احتجاجی مظاہرہ ہوگا۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter