اسلام آباد، بانی پی ٹی آئی و سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف سوشل میڈیا پوسٹیں کرنے پر گلوکار سلمان احمد کی پی ٹی آئی کی بنیادی رکنیت ختم کردی گئی۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی جانب سے سلمان احمد کی بنیادی رکنیت ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
نوٹس کے مطابق سلمان احمد سوشل میڈیا بیانات سے پارٹی قیادت اور ورکرز میں نفاق پیدا کرتے رہے، انہوں نے سابق وزیراعظم عمران خان اور انکے اہل خانہ کے خلاف سوشل میڈیا میڈیا پوسٹ کیں۔
نوٹس کے مطابق پارٹی سلمان احمد کے بیانات سے اظہار لاتعلقی کرتی ہے اور ان کی پی ٹی آئی کی بنیادی رکنیت ختم کی جاتی ہے، وہ مستقبل میں پی ٹی آئی کا نام استعمال نہیں کر سکتے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ میثاق جمہوریت نے ملکی سیاست میں اہم کردار ادا کیا اور جمہوریت کا تسلسل ہی ملکی ترقی کا ضامن ہے۔
اسلام آباد میں 2 روزہ 18 ویں سپیکرز کانفرنس سے خطاب کے دوران وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ 1973 کا آئین متفقہ طور پر منظور ہوا، آئین میں ترمیم ہوتی رہیں، 17 ویں ترمیم بہت اہمیت کی حامل تھی لیکن 18 ویں ترمیم میں اختیارات صوبوں کو منتقل کئے گئے، صوبوں کو اختیارات کی منتقلی میں مرکز نے بڑے پن کا مظاہرہ کیا۔