پاکستان ریلوے نے عید کے موقع پر مسافروں کے لیے کرایوں میں کمی کا اعلان کیا ہے۔
وزارت ریلوے کے مطابق، عید الفطر کے دنوں میں تمام ایکسپریس، مسافر اور انٹرسٹی ٹرینوں کی تمام کلاسز کے کرایوں میں 20 فیصد رعایت دی جائے گی۔
محکمہ ریلوے کا کہنا ہے کہ کرایوں میں اس خصوصی رعایت کا مقصد عید کی خوشیوں میں عوام کو سہولت فراہم کرنا ہے، اور یہ اقدام ملک بھر کے مسافروں کے لیے ایک خوشگوار خبر ثابت ہوگا۔
وزارت ریلوے نے مزید کہا کہ ادارہ ہمیشہ عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے عزم پر کاربند ہے۔
دوسری جانب وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ جو لوگ ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کر رہے تھے، وہ اب عوام سے روزگار چھیننے میں مصروف ہیں۔
اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے بحالی منصوبے کے 182 ملازمین کو ایک ہی دن میں نوکری سے برطرف کر دیا، دوسری طرف کے پی کے محکمہ اطلاعات کے فنڈز سوشل میڈیا ٹیموں پر خرچ کیے جا رہے ہیں، جو مسلسل پاکستان اور قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کر رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت کے پاس احتجاج، جلسے اور مارچ کے لیے ہمیشہ وسائل موجود ہوتے ہیں، لیکن جب سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کی بات آتی ہے تو گنڈاپور کے پاس فنڈز نہیں ہوتے۔