لاہور، وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ تمام صوبوں کے عوام وزیراعلیٰ مریم نواز کی شاندار کارکردگی کو سراہ رہے ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ایک حالیہ سروے رپورٹ کے مطابق 70 فیصد عوام وزیراعلیٰ مریم نواز کی کارکردگی سے مطمئن ہیں، وہ کسانوں کو بے شمار سہولتیں فراہم کر رہی ہیں، اب تک 54 ارب روپے کے قرضے چھوٹے کسانوں کو دیے جاچکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسان کارڈ کے ذریعے اب تک 54 ارب روپے کی خریداری ہوچکی ہے، جبکہ پنجاب حکومت نے 10 ہزار گرین ٹریکٹرز بھی فراہم کیے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے 30 ہزار طلبہ کو اسکالرشپ دی جاچکی ہیں۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے بڑی بیماریوں کی دوائیں مریضوں کے گھروں تک پہنچانے کا منصوبہ متعارف کرایا، ڈائیلسز پروگرام کے تحت 10 لاکھ روپے تک کے علاج کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ آئندہ 10 ماہ میں ایئر ایمبولینس سروس بھی متعارف کرائی جائے گی۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ نے لائیوسٹاک کارڈ متعارف کرانے کی بھی منصوبہ بندی کی ہے، اس کے تحت مویشی پالنے والوں کو سہولت دی جائے گی اور مویشیوں کی برآمدات سے زرمبادلہ حاصل کیا جائے گا۔ انہوں نے "اپنی چھت اپنا گھر” جیسے بڑے منصوبے کی شروعات کی، جس کے تحت ہزاروں گھر تعمیر ہو چکے ہیں۔
لیگی رہنما نے کہا کہ آج وزیراعلیٰ مریم نواز کے منصوبوں کو عثمان بزدار سے جوڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے، اگر بزدار صاحب اتنے قابل ہوتے تو خود اپنی پہچان بنا لیتے، پی ٹی آئی دور میں روڈا منصوبے کو برباد کر دیا گیا، اور صحافیوں کو اس منصوبے پر گمراہ کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی حکومت میں کینسر کے مریضوں کی ادویات تک بند کر دی گئی تھیں، ایئر ایمبولینس اور الیکٹرک بسوں کے منصوبے صرف زبانی دعوے تھے جو حقیقت میں کہیں نظر نہیں آئے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کچھ سیاستدان جو خود کو سیاسی رہنما سمجھتے ہیں، درحقیقت سیاسی طور پر تنہا ہو چکے ہیں۔ پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر کو محض اپنی واہ واہ کرانے کے لیے کوئی نہ کوئی بہانہ ڈھونڈنا پڑتا ہے۔ ان کا مشورہ ہے کہ جو لوگ انہیں غلط معلومات فراہم کر رہے ہیں، انہیں فوراً بلاک کر دینا چاہیے۔